پاکستان کا سعودی عرب پر حوثی حملے فوری اور غیر مشروط روکنے کا مطالبہ
نیویارک ( تر کیہ خبر) پاکستان نے یمن کی آزادی، خودمختاری، قومی اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے دہشت گردانہ حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2140 (2014ء) کے تحت عائد پابندیوں میں توسیع اور متعلقہ کمیٹی کی معاونت کرنے والے ماہرین کے پینل کی مدت کار بڑھانے کے فیصلے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے خطاب کرتے ہوئے قرارداد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے یمن میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے کمیٹی کی کوششوں کو اہم قرار دیا۔خطے کی تشویشناک سکیورٹی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی بھرپور اور غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔سید حیدر شاہ نے کہا کہ سعودی عرب کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی سرزمین کے دفاع اور شہریوں سمیت وہاں مقیم افراد کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے حوثی ملیشیا کی قابل مذمت کارروائیاں فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرنے پر زور دیا۔پاکستانی مندوب نے قرارداد کی منظوری کے لیے مذاکرات میں برطانیہ کے مثبت کردار کو بھی سراہا، جو اس معاملے میں قلم دان ملک کی حیثیت سے مسلسل سرگرم رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دے کر 2140 کمیٹی کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یمن کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے والے افراد اور اداروں کو جوابدہ ٹھہرانا دیرپا امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔پابندیوں کے نظام پر عمل درآمد کے حوالے سے انہوں نے سلامتی کونسل کے قائم کردہ ادارہ جاتی طریقہ کار کی مکمل پابندی کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے مطابق ماہرین کے پینل کو اپنے طے شدہ دائرہ کار میں رہتے ہوئے پیشہ ورانہ صلاحیت، غیر جانب داری اور تسلسل کے ساتھ فرائض انجام دینے چاہئیں، تاکہ اس کی ساکھ اور کارکردگی مزید بہتر ہوسکے۔آخر میں سید حیدر شاہ نے یمن میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سربراہی میں جاری سیاسی کوششوں کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلے کا پائیدار حل ایسے جامع سیاسی عمل کے ذریعے ممکن ہے جس کی قیادت یمنی عوام خود کریں اور جس کی ملکیت بھی انہی کے پاس ہو۔