عمران خان سے ملاقات کے بعد وکلا سیاسی گفتگو سے گریز کریں، ہائیکورٹ

عمران خان سے ملاقات کے بعد وکلا سیاسی گفتگو سے گریز کریں، ہائیکورٹ

اسلام آباد ( تر کیہ خبر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے جیل میں ملاقات کرنے والے وکلا کو سیاسی معاملات پر گفتگو سے اجتناب کرنے اور اپنی توجہ صرف قانونی امور تک محدود رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا خیال رکھیں گے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت کے دوران وکلا کی عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردیں۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 2 صفحات پر مشتمل حکم نامے میں کہا کہ عدالت کو توقع ہے کہ سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ جیل میں ملاقات کے دوران یا اس کے بعد سیاسی معاملات پر بات نہیں کریں گے بلکہ اپنی گفتگو قانونی معاملات تک محدود رکھیں گے۔عدالت نے اپنے حکم میں دونوں وکلا کو انتہائی قابل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا حامل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ملاقات کے دوران اور بعد ازاں سیاسی گفتگو سے گریز کریں گے۔حکم نامے میں ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمران خان سے وکلا کی ملاقات کا انتظام یقینی بنائیں اور اس ملاقات کا دورانیہ کم از کم ایک گھنٹہ مقرر کریں۔سماعت کے دوران لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کے باعث وہ مقدمے میں دلائل دینے کی پوزیشن میں نہیں، جبکہ سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپیل پر دلائل دینے کے لیے ہدایات موصول ہوچکی ہیں، تاہم ملاقات کے لیے دستیاب وقت ناکافی تھا۔وکلا کی درخواست پر عدالت نے دلائل کی تیاری کے لیے مزید ایک ہفتے کی مہلت دے دی۔ اس کے علاوہ متعلقہ عدالتی دفتر کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں کی پیپر بکس 7 روز کے اندر مکمل کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا۔-


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.