پشاور میں نجی جرگوں کے انعقاد پر قانونی کارروائی، ہوٹلز بھی سیل ہوں گے
پشاور ( تر کیہ خبر) پشاور پولیس نے غیر سرکاری جرگے منعقد کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ ایسے اجتماعات کے لیے استعمال ہونے والے ہوٹلز اور شادی ہالز کو بھی بند کرکے سیل کیا جائے گا۔سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے واضح کیا ہے کہ نجی جرگوں کے انعقاد میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی اور ان تقریبات کے لیے جگہ فراہم کرنے والے ہوٹلز اور شادی ہالز بھی سیل کردیے جائیں گے۔اس حوالے سے سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد کی سربراہی میں پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں شہر میں جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران سڑکوں پر وارداتیں کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد، راہ گیروں سے سامان چھیننے والوں اور منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف مؤثر اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی سرعام نمائش کے معاملے میں کسی قسم کی رعایت نہ دینے اور معاشرتی برائیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے پر بھی زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ میرٹ کی بنیاد پر انصاف کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔سی سی پی او نے مزید کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاہم فرائض میں کوتاہی یا اختیارات کے غلط استعمال پر سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔اجلاس میں پولیس حکام کو شہر میں جرائم کی مؤثر روک تھام اور امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔