سعودی عرب جانے والے مسافروں کیلئے ویکسینیشن کی مہلت میں توسیع
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) سعودی عرب کا سفر کرنے والے مسافروں کو لازمی ویکسینیشن کے لیے مزید ایک ماہ کی مہلت دے دی گئی ہے۔کراچی ایئرپورٹ سے عمرہ زائرین اور سعودی عرب جانے والے دیگر مسافروں کے لیے ویکسینیشن کی تصدیق کا عمل 20 نومبر کو صبح 10 بجے سے شروع ہوگا۔ اس سلسلے میں مقررہ مدت میں ایک ماہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ 15 اکتوبر کے بعد ویکسینیشن کارڈ کے بغیر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔جاری کردہ سرکلر کے مطابق سفر سے 10 روز پہلے ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے ایئرپورٹ کی سرکاری ڈسپنسری میں چوبیس گھنٹے ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کی گئی تھی، جبکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے زائرین اور دیگر مسافروں کے لیے ہنگامی صورت حال میں کراچی ایئرپورٹ کے روانگی لاؤنج میں بھی یہ سہولت موجود تھی۔