ریاض کے بلند ترین کاروباری ٹاور کو حوثی حملے سے نقصان پہنچا، سعودی تصدیق
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ دارالحکومت ریاض کے کاروباری مرکز میں واقع بلند ترین ٹاور حوثی ملیشیا کے حملے سے متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں عمارت کی متعدد منزلوں کو نقصان پہنچا۔سعودی شہری دفاع کے مطابق متاثرہ عمارت میں سعودی نیشنل کیپیٹل فنڈ کا دفتر بھی قائم ہے۔ حملے کے باعث ٹاور کے مختلف حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔اس سے چند گھنٹے قبل سعودی اتحادی افواج کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ ریاض میں ہونے والا نقصان ایک میزائل کا ملبہ گرنے کے باعث ہوا، تاہم عینی شاہدین نے بھی ٹاور کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی تھی۔دوسری جانب قطر کی وزارت خارجہ نے ریاض کے شاہ عبداللہ تجارتی مرکز کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب پر مسلسل حملوں کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ کویت نے بھی اس کارروائی کو سعودی عرب کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم البداوی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی اور عالمی برادری کو حوثی ملیشیا کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔