روس ( مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے دارالحکومت کیف اور دیگر بڑے شہروں پر کیے گئے تازہ حملوں میں متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ حملوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یوکرین کے چوتھے بڑے شہر دنیپرو پر میزائلوں اور بغیر پائلٹ طیاروں کے ذریعے حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور پچیس زخمی ہوئے۔یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کیف بھی شدید حملوں کی زد میں رہا، جہاں کم از کم چار افراد جان سے گئے جبکہ اکاون افراد زخمی ہوئے ہیں۔کیف کے میئر کے مطابق ایک میزائل حملے کے باعث چوبیس منزلہ رہائشی عمارت کا ایک بڑا حصہ منہدم ہو گیا، جس کے ملبے تلے متعدد افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ عمارت میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے فوری طور پر تلاش اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں مسلسل ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔میئر کے مطابق میزائلوں کے ٹکڑے گرنے سے نو منزلہ رہائشی عمارت سمیت کئی دیگر عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے امدادی اداروں اور آگ بجھانے والے عملے نے کارروائیاں کیں۔حکام کے مطابق نقصانات اور جانی نقصان کے درست اعداد و شمار جاننے کے لیے جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
روس کے یوکرین پر شدید حملے، ہلاکتیں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ
واپس خبروں پر
Category:
عالمی خبریں