شوشا میں تاریخی صادق جان ہاؤس میوزیم بحال، افتتاح کر دیا گیا

شوشا میں تاریخی صادق جان ہاؤس میوزیم بحال، افتتاح کر دیا گیا

شوشا( ترکیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے شوشا میں تاریخی و ثقافتی ورثے کی اہم یادگار صادق جان ہاؤس میوزیم کی بحالی کے بعد اس کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب کے دوران شوشا ضلع میں صدر کے خصوصی نمائندے آیدین کریموف نے صدر الہام علییف کو بحالی کے منصوبے اور اس کی مختلف مراحل پر بریفنگ دی۔حکام کے مطابق شوشا پر قبضے کے دوران یہ تاریخی عمارت کئی برس تک نظر انداز رہی، جس کے باعث اس کی چھت، فرش اور پتھروں سے تعمیر شدہ دیواروں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ عمارت کا انجینئرنگ نظام بھی مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا تھا۔سال 2022 میں صدر الہام علییف کے جاری کردہ حکم کے تحت معروف آذربائیجانی موسیقار، تار نواز، موسیقی کے موجد اور کمپوزر مرزا اسد اوغلو صادق (صادق جان) کے تاریخی گھر کی بحالی اور ڈیزائن کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے۔صدر الہام علییف اور خاتون اول مہربان علیئیوا نے 2022 میں اس عمارت کا دورہ کیا تھا، جبکہ 2023 میں بحالی کے منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد 2024 میں عملی طور پر مرمت اور بحالی کا کام شروع کیا گیا۔شوشا کی صادق جان اسٹریٹ پر واقع یہ تاریخی ہاؤس میوزیم تہہ خانے اور دو بالائی منزلوں پر مشتمل ہے۔ عمارت اپنی نوکیلی محرابی کھڑکیوں، خوبصورت پتھریلے داخلی دروازے اور منفرد طرزِ تعمیر کے باعث نمایاں حیثیت رکھتی ہے اور اسے آذربائیجان کے قومی اہمیت کے حامل تاریخی و ثقافتی آثار کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔بحالی کے بعد میوزیم میں صادق جان کی زندگی، فن اور خدمات، آذربائیجان کی قومی موسیقی، اور شوشا کی ادبی و ثقافتی روایات پر مبنی نمائشیں قائم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کمپلیکس میں کنسرٹ ہال، مغام نمائش گیلری، کیفے، تحائف کی دکان، استقبالیہ اور موسیقی کے آلات تیار کرنے کی ورکشاپ بھی قائم کی گئی ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.