آستانہ میں علاقائی ماحولیاتی سربراہی اجلاس، وسطی ایشیا اور آذربائیجان کا مشترکہ اعلامیہ منظور
باکو( ترکیہ خبر)قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں منعقدہ علاقائی ماحولیاتی سربراہی اجلاس کے دوران آذربائیجان اور وسطی ایشیائی ممالک نے ماحولیاتی تبدیلی، ماحول کے تحفظ اور انسانی صحت کے تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ اعلامیہ منظور کر لیا ہے۔اجلاس میں آذربائیجان کے وزیر صحت تیمور موسائیف سمیت قازقستان، ازبکستان، کرغزستان، تاجکستان اور ترکمانستان کے وزرائے صحت نے شرکت کی۔اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ خطے میں ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں۔شرکاء نے اتفاق کیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات خطے کے ممالک کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دینا ضروری ہے۔ماہرین کے مطابق یہ اقدام وسطی ایشیا اور قفقاز کے ممالک کے درمیان ماحولیاتی اور صحت کے شعبے میں علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔