پنجاب میں پنچایت نظام کے قیام کی اصولی منظوری دے دی گئی

پنجاب میں پنچایت نظام کے قیام کی اصولی منظوری دے دی گئی

لاہور ( تر کیہ خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں پنچایت نظام متعارف کرانے کی اصولی منظوری دے دی ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مجوزہ نظام کے قیام، طریقہ کار اور اختیارات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچایت کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، جو متعلقہ فریقین کی رضامندی سے تنازعات کا تصفیہ کرائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر کسی غیر جانبدار اور عوامی اعتماد کے حامل مستقل مقامی رہائشی کو پنچایت کا رکن نامزد کرے گا، جبکہ ارکان کا انتخاب ان کی اچھی شہرت، غیر جانب داری اور معاملہ فہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔پنچایت کمیٹیوں میں نمبرداروں، اساتذہ، ریٹائرڈ ججوں، سابق فوجی افسران، ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور دیگر معزز شخصیات کو شامل کیا جائے گا۔ اس نظام کا مقصد خواتین، اقلیتوں، غریب اور محروم طبقات کے لیے انصاف کے حصول کو آسان بنانا ہے۔بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ پنچایت نظام قانونی حدود، انصاف اور غیر جانب داری کے اصولوں کے تحت کام کرے گا۔ اس کے ساتھ عدالتی اختیارات اور ہر شہری کے عدالت سے رجوع کرنے کے حق کو بھی محفوظ رکھا جائے گا۔ خواتین اور کمزور طبقات کے خلاف اس نظام کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لیے ممنوعہ معاملات کی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنچایت پروگرام کے لیے قواعد، پالیسی رہنما اصول اور ضابطوں پر مشتمل جامع منصوبہ طلب کرلیا۔ انہوں نے پنچایتوں کے اختیارات متعین کرنے کے لیے واضح اور جامع قواعد مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.