ترکیہ کا ماحول دوست مصنوعی ذہانت میں عالمی قیادت حاصل کرنے کا ہدف
استنبول (ترکیہ خبر) ترکیہ نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ماحول دوست ٹیکنالوجی کے ذریعے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، اس مقصد کے لیے قابلِ تجدید توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دی جا رہی ہے تاکہ اس جدید ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ماحول پر منفی اثرات بھی کم کیے جاسکیں۔ترک وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مہمت فاتح کاجیر نے اناطولو خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے وسیع پیمانے پر استعمال کے لیے بڑے ڈیٹا مراکز اور طاقتور کمپیوٹرز درکار ہیں، جنہیں چلانے کے لیے بھاری مقدار میں بجلی استعمال ہوتی ہے۔انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ممالک کو اپنے ڈیجیٹل نظام کو قابلِ تجدید توانائی سے چلانے کو ترجیح دینی چاہیے۔ ترکیہ میں بجلی پیدا کرنے کی مجموعی نصب شدہ صلاحیت کا 62 فیصد حصہ قابلِ تجدید ذرائع پر مشتمل ہے۔مہمت فاتح کاجیر کے مطابق ترکیہ میں شمسی اور ہوائی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کی موجودہ صلاحیت 43 گیگاواٹ ہے، جسے 2040ء تک بڑھا کر 175 گیگاواٹ کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ 140 گیگاواٹ گھنٹے کی توانائی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بھی قائم کی جائے گی۔وزارت صنعت و ٹیکنالوجی ماحول دوست ٹیکنالوجی کے شعبے میں کام کرنے والے نئے کاروباری اداروں کی معاونت اور مقامی سطح پر ماحولیاتی مسائل کے حل تیار کرنے کے لیے خصوصی ترقیاتی پروگرام بھی شروع کر رہی ہے۔ترک وزیر نے کہا کہ ترکیہ مقامی طور پر تیار کردہ ٹیکنالوجی کی مدد سے ماحول دوست ترقی کے سفر میں کامیابی حاصل کر رہا ہے۔