فلسطین کا عالمی ماحولیاتی فنڈز میں زیر قبضہ ممالک کو ترجیح دینے کا مطالبہ

فلسطین کا عالمی ماحولیاتی فنڈز میں زیر قبضہ ممالک کو ترجیح دینے کا مطالبہ

انطالیہ (ترکیہ خبر) فلسطین کی ماحولیاتی معیار کی اتھارٹی کے سربراہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں زیر قبضہ اور بحران سے متاثرہ ممالک کو درپیش ماحولیاتی مشکلات کا واضح اعتراف کیا جائے اور عالمی مالی معاونت تک ان کی رسائی آسان بنائی جائے۔کانفرنس کے دوسرے ہفتے کے دوران ترکیہ کے جنوب مغربی صوبے انطالیہ میں گفتگو کرتے ہوئے زغلول سمعان نے کہا کہ فلسطین چاہتا ہے کہ کانفرنس کے اختتامی فیصلوں میں عالمی مالی وسائل کی فراہمی کے ساتھ فلسطینی عوام کے اپنی زمین اور قدرتی وسائل پر اختیار کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ زیر قبضہ اور بحران کا شکار ممالک کو خصوصی اہمیت دی جانی چاہیے تاکہ انہیں مالی معاونت تک رسائی میں سہولت ملے اور وہ اپنے قدرتی وسائل اور زمین پر خودمختاری کے حقوق استعمال کرسکیں۔زغلول سمعان نے زور دیا کہ ایسے ممالک کو ان کی وسائل کی ضروریات اور مالی مشکلات کی شدت کے مطابق ترجیح دی جائے، جبکہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مختص عالمی فنڈز تک ان کی رسائی کا طریقہ کار بھی آسان بنایا جائے۔فلسطینی عہدیدار کا مؤقف تھا کہ ترقی پذیر ممالک کو کانفرنس میں گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے بجائے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے مطابقت پیدا کرنے اور تحفظ کے اقدامات کو زیادہ ترجیح دینی چاہیے، کیونکہ عالمی آلودگی میں ان کا حصہ محدود ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا سامنا انہیں غیر متناسب طور پر زیادہ کرنا پڑتا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.