ترکیہ کا نیٹو اتحادیوں کو دفاعی صنعت اور پیداواری صلاحیتیں فراہم کرنے کا اعلان
ازمیر/استنبول (ترکیہ خبر) ترکیہ نے نیٹو کے اتحادی ممالک کے ساتھ اپنے دفاعی صنعتی نظام اور پیداواری صلاحیتیں مشترکہ طور پر استعمال کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے دفاعی سازوسامان کی تیاری، ترقی اور خریداری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ترک حکام کے مطابق اس پیش رفت سے ترکیہ نہ صرف ایک مضبوط فوجی اتحادی بلکہ دفاعی مصنوعات تیار کرنے والے اہم صنعتی مرکز کے طور پر بھی اپنی حیثیت منوا رہا ہے۔ترک دفاعی صنعتوں کے ادارے کے سربراہ ہالوک گورگون نے منگل کو ازمیر میں نیٹو ایج 26 کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اپنے جدید دفاعی پیداواری نظام اور صنعتی صلاحیتوں کے ذریعے مسلسل اپنی اہمیت ثابت کر رہا ہے۔تین روزہ کانفرنس کا اہتمام ترکیہ کی وزارت دفاع، بری فوج کے جنرل اسٹاف اور دفاعی صنعتوں کے ادارے نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ اجلاس میں نیٹو کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 3 ہزار شرکا اور 300 نمائش کنندہ کمپنیاں شریک ہیں۔ہالوک گورگون نے بتایا کہ ترکیہ نے گزشتہ سال دفاعی مصنوعات کی برآمدات سے 10.1 ارب ڈالر حاصل کیے، جن کا ایک بڑا حصہ نیٹو اور یورپی یونین کے رکن ممالک کو فراہم کیا گیا۔ انہوں نے دفاعی صنعت میں ترکیہ کی بڑھتی ہوئی پیداواری صلاحیتوں کو ملکی صنعتی ترقی اور اتحادی ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔