صدر الہام علییف کی جارجیا کی نائب وزیراعظم سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو
باکو ( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے 17 نومبر کو جارجیا کی نائب وزیراعظم اور وزیر اقتصادیات و پائیدار ترقی مریم کوریویشویلی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران رواں سال اپریل میں صدر الہام علییف کے دورہ جارجیا اور گزشتہ سال مریم کوریویشویلی کے آذربائیجان کے دورے کا خوشگوار انداز میں ذکر کیا گیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ ان اعلیٰ سطح کے روابط نے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔جارجیا کی نائب وزیراعظم نے اپنے ملک کے وزیراعظم ایراکلی کوباخیدزے کی جانب سے صدر الہام علییف کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا، جس پر آذربائیجانی صدر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے بھی اپنے ہم منصب کے لیے خیرسگالی کا پیغام بھجوانے کی درخواست کی۔ملاقات میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ آذربائیجان اور جارجیا کے درمیان دوستی اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں پر مبنی تعلقات مختلف شعبوں میں کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ توانائی اور نقل و حمل کے منصوبے وسیع تر خطے کے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔