آذربائیجان اور جرمنی کے درمیان تجارتی حجم 1.4 ارب ڈالر تک پہنچ گیا
باکو ( تر کیہ خبر) آذربائیجان اور جرمنی کے درمیان گزشتہ سال دوطرفہ تجارت کا حجم 1.4 ارب امریکی ڈالر رہا، جبکہ رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران یہ تقریباً 1 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے اپنے جرمن ہم منصب یوہان ڈیوڈ واڈیفول کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات اور سرمایہ کاری کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ آذربائیجان میں 280 جرمن کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے 210 فعال طور پر کاروبار کر رہی ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران جرمنی کی جانب سے آذربائیجان میں تقریباً 950 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، جبکہ آذربائیجان نے جرمنی میں 670 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ لگایا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جرمنی کی جانب سے آذربائیجان میں ہونے والی باہمی سرمایہ کاری کا ایک بڑا حصہ غیر تیل شعبے میں صرف کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آذربائیجان کے سرکاری تیل فنڈ نے جرمن کمپنیوں کے حصص اور مختلف دیگر سرمایہ کاری فنڈز میں مجموعی طور پر 1.8 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، جو ایک نمایاں مالی حجم ہے۔