1971ء کے دوران بہاری پاکستانیوں پر مظالم تاریخ کا سیاہ باب قرار
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران بہاری برادری سمیت پاکستان سے وفاداری رکھنے والے شہریوں پر ہونے والے مظالم تاریخ کا ایک نہایت دردناک باب ہیں۔ مکتی باہنی نے نہتے اور بے گناہ پاکستانیوں، بالخصوص بہاری برادری کو تشدد کا نشانہ بنا کر ظلم و بربریت کی بدترین مثال قائم کی۔ پاکستان سے محبت کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کرنے والوں میں محمد علا الدین بھی شامل ہیں۔بھارتی سرپرستی میں مکتی باہنی کے مظالم کا سامنا کرنے والے محمد علا الدین نے اپنی داستان بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افراد نے پورے ملک میں قتل و غارت گری اور تباہی پھیلائی، جبکہ ہم نے بڑی مشکلات کے باوجود اپنے لوگوں کی حفاظت کی کوشش کی۔انہوں نے بتایا کہ چٹاگانگ میں ظلم و تشدد کی صورتحال اس قدر خوفناک تھی کہ 45 ڈرموں میں سر قلم کی گئی لاشیں جمع کی گئیں، جبکہ متعدد لاشیں سڑکوں پر پڑی تھیں جنہیں انہوں نے اپنے ہاتھوں سے دفن کیا۔محمد علا الدین کے مطابق مکتی باہنی، شانتی باہنی اور لال باہنی کے مسلح گروہوں نے علاقے میں انتہائی تباہ کن حالات پیدا کر رکھے تھے۔