پاکستان اور ترکیہ کے درمیان فضائی دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رفعت دلکران کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ آمد پر ترک مہمان کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین دفاعی تعلقات، فضائی اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مضبوط تزویراتی شراکت داری کی شکل اختیار کرچکا ہے، جبکہ دفاعی اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی اشتراک بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے ترک فضائیہ کو پائلٹوں کی تربیت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور عملی استعداد بہتر بنانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل رفعت دلکران نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ قابلیت، عملی کارکردگی اور جنگی تجربات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور مقامی سطح پر فضائی و خلائی ٹیکنالوجی کی تیاری میں پاک فضائیہ کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔ترک کمانڈر نے دونوں ملکوں کے دفاعی روابط مزید مستحکم کرنے کے لیے پاک فضائیہ کے عملی تجربات سے فائدہ اٹھانے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔