پاکستان اور چین کا سکیورٹی تعاون اور تزویراتی شراکت داری بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد تر کیہ خبر) پاکستان اور چین نے تزویراتی تعلقات، سکیورٹی تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین رابطہ کاری کو مزید مؤثر اور فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران خصوصی حفاظتی یونٹ کے اہلکاروں کو چینی زبان کی تربیت دینے کے لیے چینی اساتذہ جلد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چین کے تجربات کی روشنی میں اسلام آباد میں قائم کیے جانے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مرکز کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون اور مختلف مسائل کو بروقت حل کرنے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے فعال کردار کو بھی سراہا۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، خصوصی سیکرٹری داخلہ اور قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل بھی شریک تھے۔