تحریک انصاف نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی حمایت کرتی ہے، بیرسٹر علی ظفر
لاہور ( تر کیہ خبر) معروف قانون دان اور سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے اور اس حوالے سے ریفرنڈم کی بھی حمایت کرتی ہے۔دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ریفرنڈم کے بعد نئے صوبے بنانے کا طریقہ کار طے کیا جانا چاہیے، جبکہ 28ویں آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد ہی اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کے لیے تین شرائط پیش کی ہیں، جن میں مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو واپس کرنا، خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا خاتمہ اور پیپلز پارٹی کا پارلیمنٹ اور سینیٹ میں اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنا شامل ہے۔بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی ان تینوں شرائط کو تسلیم کرلیتی ہے تو تحریک انصاف کو یقین ہو جائے گا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان کوئی دکھاوا یا نورا کشتی نہیں ہو رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری نے اپنی سابقہ پالیسیوں سے رجوع کرلیا ہے تو انہیں تحریک انصاف کی شرائط بھی قبول کرنی چاہئیں۔ بلاول بھٹو کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’’بڑی دیر کر دی مہرباں آتے آتے۔‘‘