میرعلی میں عوام اور سیکیورٹی فورسز یکجا، پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار
شمالی وزیرستان ( تر کیہ خبر) شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان مثالی ہم آہنگی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا، جہاں مقامی افراد نے پاک فوج سے والہانہ محبت اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔میرعلی میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی عمائدین کے درمیان خوشگوار ماحول میں خصوصی مکالمے کا انعقاد ہوا، جس میں حسو خیل اور موساکی کے عوام اور قبائلی عمائدین نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر پاک فوج میں شمولیت سے متعلق سوال پر مقامی نوجوانوں کا جوش و جذبہ قابلِ دید تھا، جبکہ شرکا نے پرجوش انداز میں ہاتھ اٹھا کر وطن کے دفاع کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔مکالمے کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے نوجوانوں اور بچوں کو تعلیم کے حصول، مثبت سرگرمیوں اور روشن مستقبل کی تعمیر کی جانب راغب کرنے پر زور دیا۔تقریب کے اختتام پر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، جس سے فضا گونج اٹھی۔ماہرین کے مطابق عوام اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور دوستانہ مکالمہ علاقے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کی مضبوط بنیاد ہے۔