پاکستان آج سے جوہری سلامتی کے عالمی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا
اسلام آباد ( تر کیہ خبر) پاکستان آج سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں جوہری سلامتی کے تربیتی و معاونتی مراکز کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔دفتر خارجہ کے مطابق یہ اجلاس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں چار روز کے دوران آئی اے ای اے اور این ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔اجلاس میں جوہری سلامتی سے متعلق تربیتی نظام کو مؤثر بنانے، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور متعلقہ شعبے میں تجربات کے تبادلے کے مختلف طریقوں پر غور کیا جائے گا۔این ایس ایس سی نیٹ ورک ممالک کو باہمی رابطوں، معلومات کے تبادلے اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے ذریعے جوہری سلامتی کی تربیت اور معاونت کے نظام کو بہتر بنانے کا مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں اس عالمی اجلاس کی میزبانی جوہری سلامتی کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور فعال کردار کا مظہر ہے۔پاکستان میں جوہری بجلی گھر اور تحقیقی مراکز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی حفاظتی نگرانی میں کام کر رہے ہیں، جبکہ ملک عالمی شراکت داریوں اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے جوہری تحفظ و سلامتی کی اہمیت کو مسلسل اجاگر کرتا رہا ہے۔اجلاس میں شریک ممالک اور اداروں کو دنیا بھر میں جوہری سلامتی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے درپیش نئے چیلنجز پر تبادلہ خیال اور مؤثر حکمت عملیوں کے تبادلے کا موقع ملے گا۔واضح رہے کہ پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے۔ اس وقت اسلام آباد، ویانا میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے مرکزی دفتر سے باہر اس اجلاس کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر قرار پایا تھا۔