کامیاب سفارتی دوروں کے بعد وزیرِاعظم وطن پہنچ گئے
اسلام آباد( ترکیہ خبر) وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے کامیاب دوروں کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔انطالیہ سے روانگی کے موقع پر وزیرِاعظم نے رجب طیب اردوان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دورے کی خوشگوار یادیں اپنے ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے مابین قریبی تعاون کے تسلسل پر زور دیا۔وزیرِاعظم نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے بات چیت اور سفارتی روابط کے فروغ کو ناگزیر قرار دیا۔دورہ ترکیہ کے دوران وزیرِاعظم نے انطالیہ سفارتی فورم میں شریک عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے مؤقف، علاقائی و عالمی صورتحال اور امن کے قیام کے لیے ملکی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اپنے غیر ملکی دوروں کے دوران وزیرِاعظم نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔وزیرِاعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں اسحاق ڈار، عطاء اللہ تارڑ، طارق فاطمی اور مشرف زیدی شامل تھے۔