صدر، وزیراعظم کی سعودی قیادت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد

صدر، وزیراعظم کی سعودی قیادت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد

اسلام آباد( تر کیہ خبر) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے 96ویں قومی دن پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔صدر آصف علی زرداری نے سعودی قیادت کے نام تہنیتی پیغامات میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدے، تاریخ، دوستی، اعتماد اور یکجہتی کے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کی دیرینہ شراکت داری میں اہم سنگ میل ہیں، جو خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں معاون ہیں۔صدر مملکت کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب اپنے قریبی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جبکہ مختلف شعبوں میں تعاون اور دوطرفہ، علاقائی و عالمی فورمز پر باہمی حمایت ان تعلقات کو مزید مضبوط بناتی ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات عوام کے مشترکہ مفاد میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔ انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان کو جلد پاکستان آمد پر خوش آمدید کہنے اور باہمی تعاون بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تزویراتی شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی دفاعی معاہدہ باہمی تعلقات اور تعاون کی اہمیت کا مظہر ہے۔شہباز شریف نے حوثی حملوں، خصوصاً مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت و سلامتی کو خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اس کے ساتھ کھڑا ہے، جبکہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات آئندہ بھی مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.