کرم سیکٹر میں فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام
پاراچنار( تر کیہ خبر) پاک فوج نے کرم سیکٹر میں فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ناکامی کے بعد افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ شروع کردی۔ذرائع کے مطابق افغان صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں قائم افغان پوسٹوں سے فتنہ الخوارج نے سرحد عبور کرنے کی کوشش کی، تاہم پاکستانی جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔افغان طالبان نے پاکستانی چوکیوں کو بھاری ہتھیاروں اور مارٹرز سمیت مختلف اسلحے سے نشانہ بنایا، جس پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد سرحدی چوکیوں اور مارٹر پوزیشنز کو نشانہ بنایا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد پوسٹیں خاموش ہوگئیں اور اہلکار وہاں سے پسپا ہوگئے۔ پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں پر اپنا کنٹرول برقرار رکھتے ہوئے فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔