مریم نواز کی سعودی قومی دن پر قیادت اور عوام کو مبارکباد
لاہور(تر کیہ خبر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مکہ معاہدے پر خوش ہیں، جبکہ پاکستانی قوم الحرمین الشریفین کی حفاظت کو اپنے لیے باعثِ سعادت سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام سعودی عرب کو محبت، عقیدت اور احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں اور سعودی عرب کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعاگو ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اعتماد، خلوص، اسلامی اخوت اور بھائی چارے پر استوار ہیں۔ مکہ معاہدہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی اہم پیش رفت ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت اور دانشمندانہ قیادت نے سعودی عرب کو عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی بھائی چارے کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔