اقوام متحدہ عالمی امن برقرار رکھنے کی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہے: اردوان
استنبول( تر کیہ خبر) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔اردوان نے کہا کہ اقوام متحدہ عالمی امن برقرار رکھنے کی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہے، جبکہ خطے کے مسائل کے حل کے لیے علاقائی سطح پر مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ترک صدر کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ دفاعی اتحاد علاقائی ملکیت کے اصول پر تشکیل دیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان یکجہتی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی آزادی برقرار رہنی چاہیے اور خطے میں استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنا ضروری ہے۔اردوان نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست 1967ء کی سرحدوں کے مطابق اور مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنا کر قائم ہونی چاہیے۔ انہوں نے غزہ کی تعمیر نو فوری شروع کرنے اور اسرائیل پر مزید دباؤ ڈالنے کا مطالبہ بھی کیا۔ترک صدر نے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کو روکنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، جبکہ شرم الشیخ میں ایک سال قبل طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔اردوان کے خطاب کے دوران اسرائیلی وفد جنرل اسمبلی ہال سے واک آؤٹ کرگیا۔ اقوام متحدہ کی سابقہ کارروائیوں میں بھی اسرائیلی حکام کے خطابات کے دوران مختلف وفود کے واک آؤٹ کے واقعات پیش آچکے ہیں۔