اساتذہ قوم کی تعمیر اور نوجوانوں کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،صدر، وزیراعظم

اساتذہ قوم کی تعمیر اور نوجوانوں کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،صدر، وزیراعظم

 اسلام آباد( تر کیہ خبر) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کی تعمیر، نوجوانوں کی تربیت اور تعلیمی معیار بلند کرنے میں اساتذہ کی خدمات کو سراہا ہے۔عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے مستقبل کی نسلوں کی بہتر تربیت کے لیے اساتذہ کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے تعلیمی نظام کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اساتذہ صرف علم کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ طلبہ میں جستجو، تخلیقی سوچ اور اچھے کردار کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ وہ نوجوانوں کو معاشرے کا ذمہ دار اور کارآمد فرد بننے کے لیے ضروری صلاحیتیں اور اقدار سکھانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں سال عالمی یوم اساتذہ کا موضوع اساتذہ سے اظہار یکجہتی، ان کے پیشے کے تحفظ، مقام کو بہتر بنانے اور مستقبل کی تشکیل میں ان کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ اساتذہ کی خدمات کا اعتراف کرنے کے ساتھ انہیں پیشہ ورانہ تربیت، معاونت اور ترقی کے بہتر مواقع دینا بھی ضروری ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر طور پر ادا کر سکیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ تعلیمی ادارے اور اساتذہ نئی نسل کی کردار سازی کے ذریعے ملکی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔انہوں نے ملک بھر میں دانش اسکولوں کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے ذریعے باصلاحیت طلبہ، بالخصوص کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے معیاری تعلیم کا فروغ اور نوجوان نسل کی مؤثر تربیت ناگزیر ہے، جبکہ اس مقصد کے حصول میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.