خیبر پختونخوا میں حکومت نظر نہیں آتی، حالات بدتر ہیں: امیر مقام

خیبر پختونخوا میں حکومت نظر نہیں آتی، حالات بدتر ہیں: امیر مقام

گلگت( تر کیہ خبر)وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حکومتی امور مؤثر انداز میں نہیں چل رہے، تاہم گورنر راج کا نفاذ سیاسی اعتبار سے مناسب قدم نہیں ہوگا، ہم بھی صورتحال کو آخری حد تک لے جانے کے خواہاں نہیں۔زاہد خان اور ثمر بلور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ صوبے کے بجائے ایک نکاتی سیاسی ایجنڈے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق صوبے کی صورتحال مسلسل کشیدہ ہے اور وزیراعلیٰ دھرنوں کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہو رہے ہیں، وزیراعلیٰ گزشتہ دو ماہ سے کبھی لاہور اور کبھی سندھ میں موجود رہے ہیں۔امیر مقام کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردی کے واقعات جاری ہیں، خیبر پختونخوا مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور شہریوں کو معمول کی زندگی گزارنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ عوام اپنے پیاروں کی میتیں اٹھانے پر مجبور ہیں، اس لیے دہشت گردی کے خلاف سب کو متحد ہو کر کام کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں بدعنوانی میں اضافہ ہو رہا ہے اور وزیراعلیٰ اپنی آئینی و انتظامی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اس وقت بے سہارا صوبہ بن چکا ہے، صوبائی حکومت کو عوامی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.