ترکیہ خبر

موجودہ حالات میں غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے: شاہد خاقان عباسی

موجودہ حالات میں غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے: شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد( ترکیہ خبر) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے مسائل کے حل کا واحد راستہ آئین و قانون کی بالادستی ہے، موجودہ حالات میں غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت بڑے شہروں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور بعض علاقوں میں پینے کا پانی تک دستیاب نہیں، جبکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں عوامی مسائل پر مؤثر بحث نہیں ہو رہی۔ ان کے مطابق نوجوانوں کی بڑی تعداد بہتر مستقبل کی تلاش میں بیرون ملک جا رہی ہے۔شاہد خاقان عباسی نے ایران سے متعلق کشیدگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کردار مفاہمت اور صلح کرانے کا ہونا چاہیے، جو ایک مثبت قدم ہے۔دوسری جانب سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے، غریب طبقہ ہر چیز پر سیلز ٹیکس ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں غربت بڑھ رہی ہے اور عام شہری کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا دشوار ہو چکا ہے۔مفتاح اسماعیل کے مطابق تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کی شرح زیادہ ہے، حکومت کو چاہیے کہ اس میں کمی کر کے ریلیف فراہم کرے۔