ترکیہ خبر

طالبان وفد کے ممکنہ دورۂ برسلز پر انسانی حقوق تنظیموں اور یورپی ارکان کی مخالفت

طالبان وفد کے ممکنہ دورۂ برسلز پر انسانی حقوق تنظیموں اور یورپی ارکان کی مخالفت

کابل( مانیٹرنگ ڈیسک) انسانی حقوق کی تنظیموں، یورپی پارلیمنٹ کے اراکین اور افغان شہریوں نے طالبان وفد کے ممکنہ دورۂ برسلز پر شدید اعتراض کیا ہے۔افغان جریدے افغانستان انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔مظاہرین نے مؤقف اختیار کیا کہ طالبان کی پالیسیوں نے خواتین اور لڑکیوں کے حقوق، تحفظ اور مستقبل کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے، لہٰذا انہیں یورپی اداروں میں مدعو کرنا متاثرہ افراد کی توہین کے مترادف ہے۔ان کے مطابق طالبان وفد کو یورپی پارلیمنٹ میں جگہ دینے کے بجائے بین الاقوامی عدالتوں میں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 82 سے زائد بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور متعدد یورپی اراکین نے بھی طالبان کے دورۂ برسلز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ماہرین کے مطابق افغانستان میں زمینی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور طالبان حکومت کے خلاف عوامی بے چینی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔