آذربائیجان اور نیدرلینڈز کے درمیان سیاسی مشاورت، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان اور نیدرلینڈز کے وزراتِ خارجہ کے درمیان سیاسی مشاورت کا انعقاد کیا گیا، جس میں دونوں ممالک نے تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔تفصیلات کے مطابق یہ مشاورت 24 جون کو دی ہیگ میں ہوئی۔ آذربائیجان کے وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ فاریز رزایف نے کی جبکہ نیدرلینڈز کے وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ مارسل ڈی وِنک نے کی۔مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے امکانات پر غور کیا، جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک نے سرکاری دوروں کے تبادلے، مسلسل رابطوں اور بین الاقوامی مواقع پر ملاقاتوں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ سیاسی مکالمہ مزید مضبوط بنایا جا سکے۔اس کے ساتھ ساتھ اقتصادی تعاون کے فروغ کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ ثقافت، سائنس اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے ذریعے عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔