باکو( ترکیہ خبر)اقوام متحدہ کے عالمی شہری منصوبہ بندی فورم (WUF13) کے 13ویں اجلاس کے تحت "ماحول دوست اور پائیدار شہری ترقی کے لیے رہائش" کے موضوع پر ایک پینل اجلاس منعقد کیا گیا۔اطلاع کے مطابق اس پینل میں رہائش اور موسمیاتی اقدامات کے باہمی تعلق پر گفتگو کی گئی، جس میں کم کاربن، پائیدار رہائشی نظام اور عالمی موسمیاتی اہداف سے ہم آہنگی پر خصوصی توجہ دی گئی۔پینل میں افریقہ سٹیز سینٹر کے ڈائریکٹر ایڈگر پیٹرسے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ برائے پانی ریتنو مارسودی، فرانس کی سفیر برائے آذربائیجان سوفی لاگوت، گیمبیا کے وزیر برائے زمین، علاقائی حکومتیں اور مذہبی امور ہامات این کے باہ، ٹوالو کے وزیر برائے عوامی امور، انفراسٹرکچر اور پانی امپیلیوسا منوا تہہولو، گیانا کے وزیرِ ہاؤسنگ کولن کروال، اور سلوواکیہ کے نائب وزیراعظم و وزیر ماحولیات توماش تارابا نے شرکت اور خطاب کیا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اگر انسان فطرت کے خلاف طرزِ عمل اختیار کرے تو پائیدار شہروں کا تصور ممکن نہیں رہتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی رجحان جاری رہا تو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات مزید شدید ہوتے جائیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ حکومتوں پر زور دیا گیا کہ وہ قابلِ رسائی اور سماجی انصاف پر مبنی رہائشی پالیسیاں اپنائیں اور ایسے ہاؤسنگ پروگرام تیار کریں جو طویل مدتی اور پائیدار ہوں۔مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شہری منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ انسان اور فطرت کے درمیان ہم آہنگ تعلق ضروری ہے۔ مزید یہ بھی کہا گیا کہ زمین کی مؤثر اور منصفانہ پالیسی کے بغیر پائیدار رہائشی پالیسی کا تصور ممکن نہیں، اور زمین کے استعمال کا منصفانہ اور اسٹریٹجک انتظام پائیدار شہری ترقی کی بنیادی شرط ہے۔
”ماحول دوست اور پائیدار شہری ترقی کیلئے رہائش“ کے موضوع پر پینل اجلاس کاانعقاد
واپس خبروں پر
Category:
آذر بائیجان