امریکی شخصیات کے قتل کی سازش، پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال قید

امریکی شخصیات کے قتل کی سازش، پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال قید

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کو قتل کرنے کی مبینہ منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 330 ماہ یعنی تقریباً ساڑھے 27 سال قید کی سزا سنادی گئی۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 48 سالہ آصف مرچنٹ کو نیویارک کے علاقے بروکلین کی وفاقی عدالت میں امریکی ضلعی جج ایرک آر کومیتی نے سزا سنائی۔ عدالت میں ان پر بین الاقوامی دہشت گردی اور معاوضے کے عوض قتل کی منصوبہ بندی کے الزامات ثابت ہوئے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانچ نے آصف مرچنٹ کو ایرانی ایجنٹ قرار دیا، تاہم ملزم نے اپنے خلاف عائد الزامات مسترد کیے تھے۔امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ آصف مرچنٹ نے 2024 میں ایران کی ہدایت پر اہم امریکی شخصیات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔ حکام کے مطابق ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے انہیں امریکا بھیجا گیا تھا۔واضح رہے کہ آصف مرچنٹ پر امریکی عہدیدار کو قتل کرنے کی سازش اور امریکا میں دہشت گردی کی کوشش کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ انہیں 15 جولائی کو امریکی ریاست ٹیکساس سے گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق آصف مرچنٹ نے مبینہ طور پر امریکی اجرتی قاتل کو ادائیگی کے لیے پاکستان سے 5 ہزار ڈالر منگوائے تھے۔آصف مرچنٹ کا تعلق کراچی سے ہے، جبکہ محکمہ انسداد دہشت گردی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں ان کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی پاکستان میں کسی جرم میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔امریکی حکام نے پاکستان سے بھی آصف مرچنٹ کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.