ابوظہبی میں عالمی واٹر کانفرنس 8 سے 10 دسمبر تک منعقد ہوگی
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں اقوام متحدہ کی عالمی آبی کانفرنس 2026ء کا انعقاد 8 سے 10 دسمبر تک ہوگا، جس کی مشترکہ میزبانی متحدہ عرب امارات اور سینیگال کریں گے۔تین روزہ عالمی اجتماع میں پانی کی قلت، پینے کے صاف پانی تک رسائی، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور آبی ذخائر کے پائیدار استعمال جیسے اہم مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ کانفرنس میں مختلف ممالک کے سربراہان، حکومتی نمائندوں، عالمی اداروں کے عہدیداروں اور آبی وسائل کے ماہرین کی شرکت متوقع ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 2 ارب 10 کروڑ افراد کو محفوظ پینے کا پانی دستیاب نہیں، جبکہ 3 ارب 40 کروڑ افراد صفائی اور نکاسی آب کی مناسب سہولیات سے محروم ہیں۔ بڑھتی ہوئی آبادی، موسمیاتی تبدیلیوں، خشک سالی اور آبی ذخائر پر بڑھتے ہوئے دباؤ نے پانی کے تحفظ کو ایک سنگین عالمی چیلنج بنا دیا ہے۔ کانفرنس میں ان مسائل کے حل کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس کے دوران پانی کے بہتر استعمال، جدید آبی ٹیکنالوجی، صاف پانی کی فراہمی، آلودگی کی روک تھام اور پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق معاملات زیر بحث آئیں گے۔ماہرین پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنانے، آبی وسائل کے مؤثر انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے جنم لینے والے مسائل کے تدارک کے لیے جدید سائنسی طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ اس عالمی کانفرنس کا ایک بنیادی مقصد پانی اور صفائی سے متعلق اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی رفتار تیز کرنا ہے۔