پاکستان کا فتح 4 کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ

پاکستان کا فتح 4 کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی( تر کیہ خبر) پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 زمین سے داغے جانے والے کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فتح 4 کا توسیعی ورژن جدید ایویونکس اور جدید ترین رہنمائی کے نظام سے لیس ہے، جو طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی اور مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیمانوں کی بھی توثیق کی گئی۔ اس کا مقصد نشانہ لگانے کی درستگی بہتر بنانا اور نظام کی بقا کی صلاحیت کو مزید مؤثر کرنا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور میزائل تیار کرنے والے ادارے کے انجینئرز نے کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے فتح 4 کے توسیعی ورژن کے کامیاب تجربے پر مبارک باد دی۔اعلیٰ عسکری قیادت نے اس اہم سنگ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے سائنس دانوں، انجینئرز اور تمام متعلقہ افراد کی فنی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.