سرکاری حج سکیم، 22 ہزار سے زائد عازمین دوسری قسط جمع کرا چکے
اسلام آباد( تر کیہ خبر)سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی جاری ہے اور اب تک 22 ہزار 172 عازمین حج دوسری قسط ادا کرچکے ہیں۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق دوسری قسط کی مد میں اب تک 14 ارب 17 کروڑ روپے موصول ہوچکے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ 12 ہزار 743 عازمین نے ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے دوسری قسط جمع کرائی، جبکہ ایک ہزار 89 افراد نے بینک کارڈ اور 8 ہزار 340 عازمین نے دستی بینک چالان کے ذریعے ادائیگی کی۔ ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کا تناسب 55 فیصد سے تجاوز کرگیا ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج سکیم کے عازمین کے لیے حج واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔وزارت نے واضح کیا کہ دوسری قسط کی ادائیگی سے قبل حج پورٹل پر طبی صحت کا سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔ترجمان کے مطابق حج واجبات کی دوسری قسط قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حج پورٹل کے ذریعے ون لنک، بینک کارڈ یا دستی بینک چالان سے جمع کرائی جاسکتی ہے۔