پاکستان اور عمان میں تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے متوقع، وزارتی اجلاس اسلام آباد میں ہوگا
اسلام آباد( تر کیہ خبر) عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی 13 اور 14 اکتوبر کو پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچیں گے۔ وہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان آ رہے ہیں۔دورے کے موقع پر اسلام آباد میں پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا آٹھواں اجلاس ہوگا، جس کی صدارت دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ مشترکہ طور پر کریں گے۔اجلاس میں دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔ عمانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم پاکستان سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ اور برادرانہ روابط کی مضبوطی کا مظہر ہے، جبکہ اس سے باہمی مفادات کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے میں مدد ملنے کی امید ہے۔