اسلام آباد( ترکیہ خبر) پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی ہے، جس کے بعد یہ پابندی دوسرے سال میں داخل ہو گئی ہے۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری نئے نوٹس کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ، لیز پر حاصل کردہ، کمرشل اور فوجی طیارے پاکستانی فضائی حدود میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی پروازوں پر پابندی میں ایک ماہ کی مزید توسیع کی گئی ہے اور اب یہ بندش چوبیس مئی 2026 کی صبح پانچ بجے تک برقرار رہے گی۔واضح رہے کہ پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود 23 اپریل 2025 سے بند کر رکھی ہے، جس کے بعد سے یہ پابندی مسلسل نافذ ہے۔فضائی حدود کی اس بندش کے باعث بھارتی ایئر لائنز کو بھاری مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے، جبکہ متعدد بین الاقوامی پروازوں کے روٹس میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔