پاکستان کی سعودی عرب پر حوثی میزائل حملوں کی مذمت، سلامتی کی حمایت کا اعادہ
اسلام آباد( تر کیہ خبر) پاکستان نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے میزائل حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 24 اکتوبر کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاقوں میں حملے تشویش ناک ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب پر میزائل حملے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی ہیں، جبکہ مقدس مقامات کے تقدس اور شہریوں کے تحفظ کو بھی نظرانداز کیا گیا۔پاکستان نے کہا کہ وہ سعودی عرب کی سلامتی کے لیے اپنے پختہ عزم پر قائم ہے اور کسی بھی بیرونی جارحیت یا خطرے کی صورت میں سعودی عرب کی حمایت کرے گا۔پاکستان نے حوثی ملیشیا کے میزائل حملوں کو ناکام بنانے پر سعودی افواج کی کارکردگی کو بھی سراہا۔