بھارتی مظالم کشمیریوں کا جذبہ آزادی ختم نہیں کرسکتے: قیادت آزاد کشمیر
مظفرآباد( تر کیہ خبر) صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کرسکتا۔27 اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب خان نے کہا کہ اس روز 1947 میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوجیں اتار کر غیر قانونی قبضہ کیا۔ ان کے مطابق بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے، جہاں 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام تنہا نہیں اور آزاد کشمیر کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم رکوانے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کرے۔وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے اپنے پیغام میں 27 اکتوبر 1947 کو ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیریوں نے آزادی کی شمع روشن رکھی ہوئی ہے اور ان کا جذبہ نسل در نسل منتقل ہورہا ہے۔انہوں نے کشمیری عوام کی استقامت، حوصلے اور آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ ایک دن پوری ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گی۔