ایران کو مذاکرات پر آمادہ کرنے کی کوششیں تیز، پاکستان متحرک
اسلام آباد( ترکیہ خبر) پاکستان نے ایران کے ساتھ اعلیٰ سطحی سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں تاکہ تہران کو مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت پر آمادہ کیا جا سکے اور نازک جنگ بندی کو برقرار رکھتے ہوئے پائیدار امن کی راہ ہموار کی جا سکے۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پاکستان کی اعلیٰ قیادت ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ اس عمل میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔حکام کے مطابق پاکستان کی کوشش ہے کہ کسی بھی ممکنہ تصادم کو روکا جائے اور جنگ بندی میں توسیع کو یقینی بنایا جائے جبکہ دونوں فریقین کو براہ راست مذاکرات پر بھی آمادہ کیا جا رہا ہے تاکہ طویل المدتی استحکام حاصل ہو سکے۔ایک باخبر ذریعے نے بتایا کہ پاکستان اپنی کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے اور ایران کے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور جیسے ہی ایران کی جانب سے شرکت کی تصدیق ہو گی اسلام آباد میں دوسرے دور کے مذاکرات کا اہتمام کیا جائے گا۔واضح رہے کہ بعض بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے برعکس پاکستان کے وزیر اطلاعات نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حتمی شیڈول ایران کے جواب سے مشروط ہے۔