لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران معاشی دباؤ میں اضافے کے باعث ایک لاکھ سے زائد افراد اپنی ملازمتوں سے محروم ہو گئے ہیں۔برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق کاروباری لاگت میں اضافہ، ٹیکس کے بوجھ اور مہنگائی کی وجہ سے مختلف صنعتوں پر شدید دباؤ ہے، جس کے نتیجے میں روزگار کے مواقع کم ہو رہے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سہ ماہی میں بے روزگاری کی شرح بڑھ کر پانچ فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ خالی آسامیوں کی تعداد گزشتہ پانچ برس کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں میں مہمان نوازی اور خوردہ فروشی شامل ہیں۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کاروباری مندی اور عالمی معاشی حالات کے اثرات بھی صورتحال کو مزید خراب کر رہے ہیں، جس سے گھریلو آمدنی میں کمی اور مہنگائی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر آئندہ عرصے میں عالمی اور علاقائی کشیدگی کم نہ ہوئی تو برطانیہ کی معیشت پر مزید منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔