ون کانسٹی ٹیوشن معاملہ: قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے، محسن نقوی
لاہور( ترکیہ خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ون کانسٹی ٹیوشن کے معاملے پر ان کا مؤقف آج بھی وہی ہے جو ابتدا سے تھا۔صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے حوالے سے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کا بھی واضح مؤقف ہے کہ یہ غیر قانونی طور پر فروخت کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب چونکہ ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، اس کے سامنے بھی یہی مؤقف پیش کیا جائے گا اور انہیں یقین ہے کہ فیصلہ قانون کے مطابق ہوگا۔محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے اور ایسا نہیں ہو سکتا کہ امیر اور غریب کے لیے الگ الگ معیار ہوں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کے بڑے اسکینڈلز میں سے ایک ہے جس میں کئی افراد ملوث رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صرف عمارت یا منصوبے پر توجہ دینے کے بجائے ان عناصر کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے جنہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سی ڈی اے کے مؤقف کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔