مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز کی پالیسی اپنا رہی ہے: الجزیرہ

1 ماہ قبل
مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی طرز کی پالیسی اپنا رہی ہے: الجزیرہ

دوحہ( مانیٹرنگ ڈیسک) قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت مسلمانوں کے خلاف اسرائیل طرز کی ظالمانہ حکمت عملی اپنا رہی ہے، جس کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر میں شہری زندگی غزہ کی طرح شدید متاثر ہوئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کے تعلقات میں مشترکہ نظریاتی وژن موجود ہے، جس کے تحت مسلمانوں کو سکیورٹی اور جغرافیائی خطرہ سمجھا جا رہا ہے۔ آر ایس ایس کی قیادت صیہونی طرز حکومت سے متاثر ہے، اور دونوں حکومتیں نسلی تفاخر کی روش اختیار کرتی ہیں۔قطری ادارے کے مطابق مودی حکومت نے غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی میں فوجی امداد فراہم کی اور بھارتی سکیورٹی ڈھانچے میں اسرائیلی نگرانی اور جاسوسی کے آلات شامل کیے۔ نومبر 2019 میں امریکی بھارتی قونصل جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں غزہ طرز کے ماڈل اپنانے کا اعلان کیا۔2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرے، چیک پوسٹیں، چھاپے اور رابطے کی بندشیں جاری ہیں، جس سے شہری آزادیوں اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بلڈوزر جسٹس کے تحت سینکڑوں مسلمانوں کے گھر، دکانیں اور عبادت گاہیں بغیر نوٹس تباہ کی گئیں، جسے ناقدین ماورائے عدالت سزا قرار دے رہے ہیں۔مزید رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اختلافی رائے رکھنے والوں کی نگرانی کے لیے جدید جاسوسی آلات استعمال کیے جا رہے ہیں، اور ہندوتوا نظریہ اقلیتوں کو سکیورٹی خطرہ بنا کر پیش کر رہا ہے، جس سے معاشرتی تقسیم گہری ہو رہی ہے۔ الجزیرہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی تشویش بڑھ رہی ہے۔