ترکیہ خبر

مریم نواز کا بڑا منصوبہ، بے زمین دیہاتیوں کو زرعی اراضی دینے کے لیے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم کا آغاز

مریم نواز کا بڑا منصوبہ، بے زمین دیہاتیوں کو زرعی اراضی دینے کے لیے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم کا آغاز

لاہور( ترکیہ خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم” کے پورٹل کا افتتاح کر دیا جس کے تحت صوبے بھر کے بے زمین دیہاتیوں کو زرعی اراضی فراہم کی جائے گی۔حکومتی منصوبے کے مطابق تقریباً ایک لاکھ چوبیس ہزار ایکڑ سے زائد زرعی زمین دیہی کاشتکاروں میں تقسیم کی جائے گی جس کی مجموعی مالیت تقریباً ایک سو ساٹھ ارب روپے بتائی گئی ہے۔ اراضی کی تقسیم میں پانی کی دستیابی اور زمین کی زرخیزی کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں مختلف اضلاع میں تیرہ ہزار سے زائد زرعی لاٹس کے ذریعے تقریباً اٹھاسی ہزار خاندان مستفید ہوں گے جبکہ چولستان کے علاقے میں بھی ہزاروں لاٹس مختص کیے گئے ہیں جن سے ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔اس سکیم کے تحت ہر کامیاب امیدوار کو پچیس سے چالیس لاکھ روپے مالیت کی زرعی زمین فراہم کی جائے گی جبکہ آبادکاری کے لیے فی ایکڑ پچاس ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک کی مالی امداد بھی دی جائے گی۔اراضی دس سال کے لیے کاشتکاری کی بنیاد پر دی جائے گی اور اس کا استعمال صرف زرعی مقاصد تک محدود ہوگا۔ منصوبے کے تحت کاشتکاروں کو زرعی ماہرین کی رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی جبکہ متعلقہ افسران زمینوں کی باقاعدہ نگرانی کریں گے۔حکام کے مطابق یہ منصوبہ دیہی غربت کے خاتمے، روزگار کے فروغ اور زرعی پیداوار میں اضافے کی جانب ایک اہم اور انقلابی قدم ثابت ہوگا۔