باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان میں “انفارمیشن، انفارمیشنائزیشن اور انفارمیشن پروٹیکشن” سے متعلق قانون میں متعدد اہم ترامیم کی تجویز پیش کی گئی ہے۔آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ بل پارلیمنٹ کی انسانی حقوق، خاندانی و اطفال اور قانونی و ریاستی ڈھانچے سے متعلق کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں زیر غور آیا۔مجوزہ قانون میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم، عمر کی پابندی والے پلیٹ فارم، پلیٹ فارم فراہم کنندہ اور ڈیجیٹل اکاؤنٹ جیسے نئے اور واضح تصورات شامل کیے جا رہے ہیں۔نئی تعریف کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم وہ نظام ہوگا جو صارفین کو ڈیجیٹل مواد جیسے متن، تصاویر، ویڈیوز اور آڈیو شیئر کرنے اور ایک دوسرے سے رابطہ قائم کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔اسی طرح “عمر کی پابندی والے پلیٹ فارم” ان سروسز کو کہا جائے گا جن میں مخصوص عمر کی حد کے تحت مواد کی ترسیل اور صارفین کے درمیان رابطے کو منظم کیا جائے گا، تاہم تعلیمی، صحت یا پیشہ ورانہ مقاصد اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔بل میں پلیٹ فارم پرووائیڈر کی ذمہ داریوں کو بھی واضح کیا گیا ہے، جس کے مطابق سروس فراہم کرنے والا ادارہ نہ صرف تکنیکی ڈھانچے بلکہ مواد کی تقسیم کے الگورتھم اور صارف ڈیٹا کے استعمال کا بھی ذمہ دار ہوگا۔اس کے علاوہ “ڈیجیٹل اکاؤنٹ” کو ایک ایسا محفوظ شناختی نظام قرار دیا گیا ہے جو صارف کی آن لائن شناخت، معلومات کے انتظام اور دیگر خدمات تک رسائی کو ممکن بناتا ہے۔حکام کے مطابق ان ترامیم کا مقصد ڈیجیٹل ماحول کو زیادہ منظم، محفوظ اور مؤثر بنانا ہے۔
آذربائیجان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے متعلق قانون میں بڑی ترامیم کی تجویز
واپس خبروں پر
Category:
آذر بائیجان