انقرہ( مانیٹرنگ ڈیسک)ترکیہ میں انقرہ سے طرابلس کے لیے اڑان بھرنے والا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں لیبیا کے فوجی سربراہ سمیت عملے کے پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ترک وزیر داخلہ کے مطابق طیارہ شام 8 بجکر 10 منٹ پر روانہ ہوا اور 8 بجکر 52 منٹ پر اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع دی لیکن دوبارہ رابطہ قائم نہ ہو سکا۔ بعد ازاں ترک میڈیا نے تصدیق کی کہ طیارے کے ملبے تک رسائی حاصل کر لی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق انقرہ کے ایسن بوغا ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والے طیارے میں اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوئی اور اڑان بھرنے کے 30 منٹ بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارے نے واپس انقرہ کی جانب رخ موڑنے کی کوشش کی مگر لینڈنگ سے قبل ہی حادثے کا شکار ہو گیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے پانچ افراد میں لیبیا کے فوجی سربراہ بھی شامل تھے، جس کی تصدیق حکام نے کر دی ہے۔