ترکیہ خبر

آذربائیجان میں بڑے پیمانے پر عام معافی کا نفاذ، تیئس ہزار سے زائد افراد مستفید

آذربائیجان میں بڑے پیمانے پر عام معافی کا نفاذ، تیئس ہزار سے زائد افراد مستفید

آذربائیجان( ترکیہ خبر)آذربائیجان میں آئینی اور خودمختاری سال کے موقع پر پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کردہ عام معافی کے فیصلے پر عمل درآمد مکمل کر لیا گیا ہے۔وزارت انصاف کے مطابق اس عام معافی کے فیصلے پر چار ماہ تک عمل جاری رہا جس میں غیر سرکاری تنظیموں، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا۔یہ فیصلہ ریاست کی انسانی ہمدردی پر مبنی پالیسی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے اور اسے اب تک کا سب سے بڑا عام معافی کا اقدام کہا جا رہا ہے جس کے تحت مجموعی طور پر تیئس ہزار نو سو پینتیس افراد مستفید ہوئے۔تفصیلات کے مطابق پانچ ہزار سے زائد افراد کو قید سے مکمل رہائی دی گئی جبکہ تین ہزار پانچ سو سے زائد قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کی گئی۔ اسی طرح ہزاروں افراد کو مختلف غیر قید سزاؤں سے بھی آزاد کیا گیا جن میں جرمانے، اصلاحی کام، فوجی سزائیں اور دیگر پابندیاں شامل تھیں۔مزید یہ کہ زیر سماعت مقدمات اور تفتیشی مراحل میں موجود ہزاروں افراد کو بھی فوجداری ذمہ داری سے بری کر دیا گیا۔حکام کے مطابق یہ اقدام ریاستی عدالتی اور تعزیری نظام میں انسانی ہمدردی، سماجی انصاف اور اصلاحی پالیسیوں کے فروغ کی واضح مثال ہے۔