جاپان میں 7.1 شدت کا زلزلہ، 50 افراد زخمی
ٹوکیو( مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان کے جنوبی صوبے کوماموتو پریفیکچر میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع اور ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر ہوا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق 7.1 شدت کے زلزلے سے سڑکوں کو نقصان پہنچا اور متعدد عمارتیں متاثر ہوئیں۔جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے کہا ہے کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کی مکمل تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں افراد کے زخمی ہونے، بجلی کی بندش، آگ لگنے کے واقعات اور سڑکوں، پلوں و عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کیوشو جزیرے کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا گیا، جبکہ ایک میٹر بلند سمندری لہروں کے امکان پر سونامی وارننگ بھی جاری کی گئی۔تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اب تک کسی قسم کی سونامی سرگرمی ریکارڈ نہیں کی گئی، جس کے باعث امکان ہے کہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وارننگ واپس لے لی جائے گی۔کوماموتو میں زلزلے کے بعد تقریباً 40 ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی، جبکہ ریلوے سروسز بھی عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔حکام کے مطابق متاثرہ علاقے میں موجود جوہری بجلی گھروں کو کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔