مقبوضہ بیت المقدس( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان میں سکیورٹی زون کے نام پر مزید علاقوں پر قبضے کا حکم دے دیا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نیتن یاہو نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں قائم سکیورٹی زون کو مزید وسعت دی جا رہی ہے، جس کا مقصد حزب اللہ کی جانب سے دراندازی کے خطرے کو روکنا اور اینٹی ٹینک میزائل حملوں کو سرحد سے دور رکھنا ہے۔اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کی شمالی کمان کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران انہوں نے اس اقدام کا دفاع کیا، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ توسیع موجودہ زون تک محدود رہے گی یا مزید علاقوں تک پھیلے گی۔اس سے قبل اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے عندیہ دیا تھا کہ اس زون کو دریائے لیطانی تک پھیلایا جا سکتا ہے اور جب تک حزب اللہ کا خطرہ ختم نہیں ہوتا، لبنانی شہریوں کو اپنے گھروں میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ بیان اسرائیل کے ممکنہ توسیعی عزائم کی عکاسی کرتا ہے، جس کے نتیجے میں لبنان کے بڑے حصے پر کنٹرول حاصل کیا جا سکتا ہے۔یہ صورتحال ماضی کی یاد تازہ کرتی ہے جب اسرائیل نے 1985 سے 2000 تک جنوبی لبنان کے علاقوں پر قبضہ کیے رکھا تھا۔دوسری جانب علاقے میں اسرائیلی افواج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق حالیہ کارروائیوں میں حزب اللہ کے متعدد ارکان مارے گئے ہیں جبکہ ایک اور اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے، جو حالیہ پیش قدمی کے بعد ہلاک ہونے والا پانچواں فوجی ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل سکیورٹی زون کی آڑ میں جنوبی لبنان میں اپنی موجودگی مزید بڑھا رہا ہے۔
اسرائیل کا جنوبی لبنان میں سکیورٹی زون کے نام پر مزید پیش قدمی کا حکم
6 دن قبل