ترکیہ خبر

اسلام آباد تبلیغی اجتماع ڈھائی لاکھ افراد شرکت متوقع

اسلام آباد تبلیغی اجتماع ڈھائی لاکھ افراد شرکت متوقع

اسلام آباد( ترکیہ خبر) وفاقی دارالحکومت میں تین روزہ تبلیغی اجتماع جاری ہے جس میں ڈھائی لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اجتماع کے سلسلے میں جامعہ ابوالقاسم تبلیغی مرکز میں مذہبی سرگرمیاں زور و شور سے جاری ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تبلیغی مرکز کا دورہ کیا جہاں رائے ونڈ اور راولپنڈی مراکز سے آئے اکابرین یوسف قریشی، عبد الرحمن قریشی اور ڈاکٹر سلیم نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے اکابرین سے ملاقات کی اور حالیہ مذاکرات کے دوران اجتماع مؤخر کرنے پر منتظمین کے تعاون کو سراہا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منتظمین نے ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ کیا جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اجتماع کے لیے جامع سکیورٹی اور ٹریفک منصوبہ ترتیب دیا گیا ہے تاکہ شرکا کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔وزیر داخلہ نے مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں تبلیغی اکابرین کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پولیس لائنز میں خصوصی لیکچر کے لیے مدعو کیا جائے گا۔اجتماع کے دوران ملک میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ اجتماع کا اختتام کل صبح اجتماعی دعا کے ساتھ ہوگا۔